ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کمٹہ میں پولس سکیورٹی کے ساتھ سروے کےلئے پہنچے نیشنل ہائی وے افسران کو کمٹہ رکن اسمبلی نے کی سروے بند کرنے کی سخت تاکید

کمٹہ میں پولس سکیورٹی کے ساتھ سروے کےلئے پہنچے نیشنل ہائی وے افسران کو کمٹہ رکن اسمبلی نے کی سروے بند کرنے کی سخت تاکید

Tue, 24 Jan 2023 18:49:26    S.O. News Service

کمٹہ:25؍ جنوری(ایس اؤ نیوز ) نیشنل ہائی وے  افسران جب کمٹہ بائی پاس روڈ کی تعمیر کےلئے پولس سکیورٹی کے ساتھ آگے بڑھے تو رکن اسمبلی دنیکر شٹی نے افسران کو سخت تاکید کرتے ہوئے کام کرنے سے روک دیا اور کہا کہ پہلے شاہراہ کے آدھے   ادھورے  چھوڑے ہوئے کاموں کو پورا کرے پھر بائی پاس کا سروے کرے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے منصوبہ جات ڈائرکٹر ایچ ایس ننگے گوڈا کی ٹیم بائی پاس شاہراہ کی تعمیر کےلئے ہندیگون میں سروے کی  تیاری میں تھے  اور عوام کی طرف سے مزاحمت کا اندازہ لگات ہوئے پولس سیکوریٹی طلب کی تھی۔ مگر  مقامی عوام  نے اس کی اطلاع رکن اسمبلی دینکر شٹی کو دی اور اطلاع ملتے ہی  رکن اسمبلی دنیکر شٹی جائے وقوع پر پہنچ گئے  اورکام کو روک دیا۔

انہوں نے  افسران سےکہاکہ اچانک کسی سروے کو انجام دینا صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ میں اس حلقہ کا رکن اسمبلی ہوں ، مجھے کوئی اطلاع دئیے بغیر چھپ چھپا کر کیوں سروے کیاجارہاہے؟ اس علاقے میں دلت طبقے کے لوگ رہائش پذیر ہیں۔ ان کی آرٹی سی بھی نہیں ہے، ایک دو گنٹہ زمین پر 3-4گھروں کی تعمیر کرتےہوئے بہت ہی تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں، اگر اس علاقے میں شاہراہ کی تعمیر ہوتی ہے تو عوام اپنے گھروں کو کھو دیں گے ۔ اگر گھر کھونے والوں کو حکومت معاوضہ دینے کا ارادہ بھی کرتی ہے تو آرٹی سی نہ ہونےسے انہیں معاوضہ دینا ممکن  نہیں ہوگا، جس کےنتیجےمیں یہ سب بے سہارا ہوجائیں گےاور آئندہ انہیں کئی سارےمسائل کا سامنا کرناپڑے گا۔

رکن اسمبلی نےکہاکہ ایک رہائشی علاقےمیں شاہراہ کا بائی پاس تعمیر کرنا غلط ہے۔ ہاں ، اگر دوچار گھر جاتے تو ہمیں کوئی تکرار نہیں تھی  ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ ہم  سب ترقی چاہتے ہیں  لیکن اتنے گھروں  کو ڈھا کر ترقی  کیسے ہوگی ؟ ا رکن اسمبلی نے کہا  کہ علاقے کے سبھی لوگوں کو اعتماد میں لےکر صحیح طریقے سے شاہراہ کی تعمیر کا کام  انجام دیا جائے، جس کے لئے  اگلے چند دنوں میں  میٹنگ منعقد کرتےہوئے بہتر حل نکالا جائے  گا۔

دینکر شٹی نے کہا کہ نیشنل ہائی وے  کو تعمیر کرنے والی آئی آر بی کمپنی والے فی الحال جاری شاہراہ کے تعمیری کاموں کو ہی ادھورا رکھ چھوڑا ہے، کمپنی کے غلط کاموں کی وجہ سے کئی حادثات ہورہے ہیں  جس کے نتیجے میں جانی نقصانات بھی ہورہے ہیں ۔ شٹی نے کہا کہ  پہلے  جاری  کاموں کو  پورا کرے ، اس کے بعد بائی پا س کی تعمیر کے متعلق بات کریں۔ آگے کہا کہ  کہیں بھی تعمیری کام کومکمل نہ کرتےہوئےبائی پاس  کام کو شروع کرنا صحیح نہیں ہے۔انہوں نے سخت تاکید کرتے ہوئے کہا کہ  فوری طورپر سروے کا کام بند  کیا جائے۔ جس کے بعد افسران سروے  کی کاروائی کو بند کرکے واپس  چلے گئے۔

موظف ڈی وائی ایس پی مکتی این آر نے کہاکہ شاہراہ کی ٹھیکدار کمپنی آٗئی آر بی سبھی جگہوں پر فورلین کاکام کررہی ہے  لیکن شہروں میں ابھی تک کام کو شروع نہیں کیا ہے۔ انہوں نے سوال پوچھا کہ  ہونگاؤں برج  اور مانیر برج کی تعمیر نہ کئے جانےکے پیچھے کیا راز ہے ؟   گنیش بھٹ نے کہاکہ شاہراہ کے لئے غریبوں کے گھر بربادکئے جانے کے بجائے ہماری لاشوں پر شاہراہ کی تعمیر کیجئے۔ بائی پاس تعمیر کے خلاف ہم دیہی عوام کسی بھی جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ پی ایم مکتی نےکہاکہ اس علاقے میں دلت زیادہ ہیں ہمیں بے سہارا و لاچار مت کریں ۔ ا س موقع پر کلبھاگ گرام پنچایت کی صدر گیتا کوبال، بی جے پی منڈل صدر ہیمنت کمار گاونکر، راجو پٹگار، دیورائےنائک، پانڈو پٹگار، کمار کونری ، منجولا مکتی وغیرہ موجود تھے۔


Share: